[]
نظام آباد:6/مارچ (پریس نوٹ) سابقہ تلنگانہ ریڈکو چیرمین مسٹر ایس اے علیم نے مسلمانوں کے گنجان آبادی والے علاقہ میں واقع قدیم قبرستان پھولانگ نظام آباد سے متصل 5ہزار سے زائد مربع گز اراضی جس کا سروے نمبر 225ہے کو 17سالہ طویل جدوجہد و کوششوں کے بعد ریاستی وقف بورڈ حیدرآباد کے ذریعہ درج اوقاف کروانے اور گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلئے کی گئی کامیاب کوششوں پر پھولانگ قبرستان کی اراضی کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے تحریک کے بانی جناب عبدالنبی خان صاحب مرحوم گتہ دار بلدیہ پھولانگ نظام آباد اور دیگر ملت و قوم کا درد رکھنے والے مرحومین کی انتھک کوششوں اور تحریک کو زندہ رکھتے ہوئے تحریک کے روح رواں شخصیت سینئر جرنلسٹ احمد علی خان پھولانگ نظام آباد، اراضی کا ہبہ کرنے والے جناب محمد نصیر الدین موظف لکچرار اور سماجی جہد کار سلطان احمد بامہدی کی پھولانگ قبرستان کی اوقافی جائیدادکے تحفظ کیلئے کی گئی کوششوں کی زبردست ستائش و سراہناکرتے ہوئے مبارکباد دی۔
مسٹر ایس اے علیم نے کہاکہ تلگو دیشم دورِ حکومت میں جب وہ صدر ضلع اوقاف کمیٹی نظام آباد کے عہدہ پر فائز تھے پھولانگ قبرستان کی اراضی کے مسئلہ اور سابقہ ریاستی وزیر بشیر الدین بابو خان صاحب مرحوم کی قبرستان اراضی کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ تعاون کیا تھا۔ سابقہ ریڈکو چیرمین مسٹر ایس اے علیم نے کہاکہ پھولانگ قبرستان کی کروڑہا روپئے مالیتی اراضی کا تحفظ کیاجانا کسی کارنامے سے کم نہیں۔پھولانگ چوراہا حیدرآباد روڈ پر واقع قدیم قبرستان کو چاروں طرف سے بلند کمپاؤنڈ وال تعمیر کرتے ہوئے محفوظ کردیا گیا ہے جس سے قبرستان کی اراضی کا نہ صرف تحفظ ہوگا بلکہ کسی کے بھی ناجائز قبضہ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں گی بہترین اقدام ہے کیا گیا۔ آج کے دور میں اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کرنا انتہائی مشکل مرحلہ بن گیا ہے اور کئی ملت فروش و لینڈ گرابرس اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضے کرتے ہوئے اپنی ملکیت کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ اوقافی جائیدادیں درگاہیں، قبرستان، عیدگاہیں، مساجد، عاشور خانے، و دیگر اوقافی جائیدادیں اللہ کی امانت ہیں۔
انہوں نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہاکہ چند مفاد پرست عناصر اپنی سستی شہرت کیلئے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے نام پر واویلہ مچاتے ہیں لیکن عملی میدان میں انتہائی وہ ناکامیاب و ناکارہ ہوکر رہ جاتے ہیں ایسے افراد کیلئے پھولانگ قبرستان کے تحفظ کیلئے جن جن لوگوں نے بھی کامیاب کوششیں کی ہیں ان سے سبق لینے اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض ملت فروش عناصر صرف اپنی مالی مفادات و خود غرضی کیلئے منتخب عوامی نمائندوں کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کرتے ہیں ایسے افراد سے چوکس رہنے کی شدید ضرورت ہے۔
سابقہ چیرمین تلنگانہ ریڈکو مسٹر ایس اے علیم نے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ سے کہاکہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے کڑے اقدامات کریں اور ناجائز وقف جائیدادوں پر قبضہ کرنے والوں کیخلا ف سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔