[]
نئی دہلی: 27 فروری کو ایک پرواز میں دھماکو اشیاء سے متعلق دہلی ایئرپورٹ کو ذریعہئ ای میل جھوٹی دھمکی دینے کے لیے ایک 29 سالہ بنگلہ دیشی کو کولکتہ میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔
ملزم کی شناخت محمد نذر الاسلام کی حیثیت سے کی گئی، جو بنگلہ دیش کا متوطن ہے۔
پولیس کے مطابق ایک شکایت ایئرپورٹ سیکوریٹی عہدیدار کی جانب سے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کو موصول ہوئی، جس میں کہا گیا کہ ایئرپورٹ ڈیوٹی منیجر کے ای میل آئی ڈی پر دھمکی کا ای میل موصول ہوا،
جس میں کہا گیا کہ دہلی تا کولکتہ پرواز میں سیفٹی کا کوئی مسئلہ ہے، کیوں کہ کوئی شخص اپنے ساتھ دھماکو اشیاء لے جارہا ہے۔ ای میل میں درخواست کی گئی کہ تمام بیاگیج اور لگیج کی جانچ کی جائے اور حسب ِ ضرورت اقدامات کیے جائیں۔
ای میل کال کی شدت اور حساسیت پر غور کرتے ہوئے دہلی ایئرپورٹ میں انتہائی چوکسی اختیار کی گئی اور مکمل ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا، لیکن بعد ازاں ای میل دھمکی جھوٹی ثابت ہوئی۔
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ای میل آئی ڈی صرف ایک گھنٹہ قبل تیار کیا گیا تھا، جس سے دھمکی دی گئی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم کی کوششوں سے پتہ چلا کہ ای میل کولکتہ سے روانہ کیا گیا، جس کا کنکشن کولکتہ کی پارک اسٹریٹ میں واقع کلاسک ہوٹل سے ہے۔