[]
وزیر خزانہ نے بجٹ میں ’وزیر اعلیٰ مہیلا سمّان اسکیم‘ پیش کیا جس کے تحت 18 سال سے زائد عمر کی خواتین کو ہر ماہ 1000 روپئے ملیں گے۔ اس کے علاوہ خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے 25-2024 کے بجٹ میں ’وزیر اعلیٰ مہیلا سمان اسکیم‘ کے تحت 2000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 15-2014 میں دہلی کا تعلیمی بجٹ 6554 کروڑ روپے تھا۔ لیکن اب اس میں اضافہ کر تے ہوئے اسے دوگنا کر دیا گیا ہے۔ پیش کردہ بجٹ میں 25-2024 کے لیے دہلی کا تعلیمی بجٹ 16,396 کروڑ روپے مختص کیا گیا ہے۔
تعلیمی بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں میں تقریباً 400 پرنسپلس کو تربیت کے لیے کیمبرج بھیجا گیا ہے۔ 950 سے زائد اساتذہ کو تربیت کے لیے سنگاپور بھیجا گیا ہے۔ 1700 پرنسپلس کو تربیت کے لیے آئی آئی ایم احمد آباد بھیجا گیا ہے۔ کیجریوال حکومت نے 2015 کے بعد سے دہلی کے اسکولوں میں 22711 نئے کلاس روم بنائے ہیں۔