[]
پٹنہ: صدر راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) لالو پرساد یادو نے جمعہ کے دن کہا کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے لئے ”میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں“۔
جنتادل یو صدر کی قلابازی کے نتیجہ میں آر جے ڈی کے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد سے پراسرار خاموشی اختیار کرنے والے لالو پرساد یادو صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔
دونوں قائدین جمعرات کے دن ودھان سبھا میں گرمجوشی سے ہاتھ ملاتے دیکھے گئے۔ 2 سال قبل گردہ کی پیوندکاری کرانے کے بعد سے زیادہ تر اپنے بنگلہ میں بند رہنے والے لالو پرساد یادو‘ منوج جھا اور سنجے یادو کا حوصلہ بڑھانے ودھان سبھا آئے ہوئے تھے۔
دونوں نے راجیہ سبھا کے لئے آر جے ڈی امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی داخل کی۔ لالو پرساد یادو سے پوچھا گیا کہ گرمجوشی سے ہاتھ ملانا بتاتا ہے کہ وہ دوسری دفعہ دغا دینے والے اپنے کٹر حریف نتیش کمار سے ابھی بھی صلح صفائی چاہتے ہیں‘ آر جے ڈی سربراہ نے جواب دیا انہیں واپس تو آنے دیجئے۔ جب آئیں گے تب دیکھا جائے گا۔
زور دے کر پوچھنے پر کہ آیا سابقہ حلیف کے لئے دروازہ ہنوز کھلا ہے‘ لالو پرساد یادو نے جواب دیا ”کھلا ہی رہتا ہے“۔ جنتادل یو ترجمان اور رکن قانون ساز کونسل نیرج کمار نے زور دے کر کہا کہ لالوجی کا کہنا ہے کہ دروازے ابھی بھی کھلے ہیں۔
انہیں جان لینا چاہئے کہ دروازوں پر علی گڑھ کا مشہور تالہ لگ گیا ہے۔ ہمارے قائد نتیش بابو واضح طورپر کہہ چکے ہیں کہ آر جے ڈی جب بھی ہمارے ساتھ شریک ِ اقتدار رہی‘ کرپشن میں ملوث رہی۔