[]
حیدرآباد: ملک پیٹ کے اکبر باغ علاقہ میں دن دھاڑے سرقہ کی واردات پیش آئی۔3 نامعلوم افراد نے جیولری شاپ کے مالک پر حملہ کرتے ہوئے 15تا20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملک پیٹ اکبر باغ کی مصروف ترین روڈ پر واقع کِسوہ جیولری شاپ میں دن کے اوقات میں ایک نامعلوم شخص طلائی زیورات خریدنے کے بہانے داخل ہوا اور وہ جیولری کے مالک شجاع الرحمن سے بات کررہا تھا کہ اسی دوران مزید 2نامعلوم افراد نے جیولری شاپ میں داخل ہوتے ہی زیورات پر ہلہ بول دیا۔
اس موقع پر جیولری شاپ کے مالک شجاع الرحمن نے زیورات لوٹنے سے منع کرنے پر ان نامعلوم حملہ آواروں نے ان پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے انہیں زخمی کردیا اور 15تا20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات بیاگ میں لے کر فرار ہوگئے۔
یہ واقعہ چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ساوتھ ایسٹ کے ڈپٹی کمشنر ڈی جانکی اور ملک پیٹ کے اسسٹنٹ کمشنر پولیس شیام سندر اور چادر گھاٹ انسپکٹر پرکاش ریڈی نے مقام واردات کا معائنہ کیااور تحقیقات کا آغاز کردیا۔
پولیس نے مقام واقعہ پر سراغ رسانی ٹیم کو طلب کرلیا۔ پولیس رہزنوں کا پتہ چلانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈی جانکی نے رہزنوں کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔