[]
واشنگٹن: امریکہ میں ہندوستانی نژاد طالب علم 23 سالہ سمیر ایک پارک میں پْراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا۔عالمی خبر رساں ادارہ کے مطابق امریکہ کی وارین کاؤنٹی کورونر کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ انڈیانا کی پرڈیو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والا بھارتی طالب علم کی لاش نیچر ریزرو پارک سے ملی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی نژاد 23 سالہ سمیر کامتھ نے اگست 2023 میں مکینیکل انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری مکمل کی تھی اور 2025 میں اپنا ڈاکٹریٹ پروگرام مکمل کرنے والا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے فرانزک لیب بھیجا گیا ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔یہ واقعہ پرڈیو یونیورسٹی میں ہی زیر تعلیم ہندوستانی نژاد ایک اور طالب علم انیل اچاریہ کے مردہ پائے جانے کے چند دن بعد پیش آیا ہے۔
انیل اچاریہ کی لاش کیمپس گراؤنڈ سے ملی تھی۔اسی طرح پچھلے ہفتے ہی ایک اور بھارتی طالب علم 19 سالہ شریاس ریڈی ریاست اوہائیو میں پْراسرار حالت میں مردہ پایا گیا تھا۔ایک اور واقعے میں ریاست جارجیا کی لیتھونیا یونی ورسٹی سے ایم بی اے کرنے والے بھارتی طالب علم وویک سینی 16 جنوری کو ایک بے گھر شخص کے حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
اسی طرح ایک اور بھارتی طالب علم اکول دھون گزشتہ ماہ جنوری میں یونیورسٹی آف الینوائے اربانا کے باہر مردہ پایا گیا تھا۔واضح رہے کہ امریکہ میں 30 لاکھ سے زائد بھارتی طلبا موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی تناؤ، تنہائی اور نشہ آور اشیاء کا استعمال بہت سے واقعات میں جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔