[]
حیدرآباد: ٹریفک پولیس ملازمین ہر وقت ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ فضائی آلودگی اور صوتی آلودگی کے درمیان ٹریفک کو کنٹرول کرنے کا کام وہ کرتے ہیں۔
حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے ٹریفک پولیس ملازمین کو راحت دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ توقع ہے کہ ان کیلئے جلد ہی اے سی ہیلمٹ دستیاب کروائے جائیں گے۔
دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں گاڑیوں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہوتاجارہا ہے۔حیدرآباد شہر میں تقریبا 80لاکھ گاڑیوں کی نقل وحرکت سڑکوں پر ہوتی ہے۔ ان میں بائیکس کی تعداد 57لاکھ ہے۔بقیہ گاڑیوں میں کاریں، بسیں اوردیگر گاڑیاں ہیں۔ان کے ساتھ ساتھ نئی گاڑیاں بھی سڑکوں پر نظرآرہی ہیں۔
حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں عموما صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔شہر کی سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال کے نتیجہ میں ٹریفک کو باقاعدہ بنانے والے ٹریفک ملازمین پولیس کو مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑتا ہے۔ان کو گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں سے کئی مسائل کا سامنا کرناہوتا ہے۔
قبل ازیں اعلی عہدیداروں کی جانب سے منعقدہ ہیلت کیمپس میں ٹریفک عملہ کو بعض مسائل کا سامناکرناپڑاجس پر ان مسائل کو دور کرنے کے لئے اعلی عہدیداروں کی جانب سے اقدامات کئے گئے۔اسی کے حصہ کے طورپرٹریفک پولیس کی خدمات انجام دینے والوں کو اے سی ہیلمٹ فراہم کرنے پر غورکیاجارہا ہے۔
آنے والے موسم گرما کے پیش نظرٹریفک عملہ کو دشواریوں سے بچانے کے لئے یہ قدم اٹھایاجارہا ہے۔ان انوکھی ہیلمٹس کا تجربہ مکمل کرلیاگیا ہے۔ساتھ ہی ٹریفک ملازمین کیلئے پینے کا پانی، گلوکوزبھی موسم گرما میں فراہم کیاجائے گا۔حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے چارزونس میں اے سی ہیلمٹ کا تجرباتی طورپر کیاگیا۔اس کا استعمال کرنے والے عملہ سے رائے حاصل کی جارہی ہے۔اس رائے کی بنیاد پر اس میں تبدیلی اور ترمیم کرتے ہوئے اے سی ہیلمٹس کو دستیاب کروانے کا کام کیاجائے گا۔