[]
حیدر آباد: حکومت تلنگانہ کی جانب سے محکمہ افزائش مویشیاں کے تحت بھیڑ کی تقسیم میں ہوئی مبینہ بدعنوانیوں کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اِن بدعنوانیوں کی تحقیقات کو اے سی بی کے ذریعہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ افزائش مویشیاں کے خلاف بھیڑ کی تقسیم کے دوران بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اِس کے علاوہ محکمہ کے دفتر سے فائلس غائب کردیئے جانے کے متعلق بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اِن دونوں مقدمات کی اے سی بی کے ذریعہ تحقیقات عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ بکریوں کی تقسیم کے لئے مختص کردہ رقومات میں تغلب کے متعلق واقعہ میں اعلیٰ عہدیداروں کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ اِس سلسلہ میں عہدیداروں کے خلاف گچی باؤلی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اِسی طرح محکمہ افزائش مویشیاں کے دفتر سے فائلس غائب ہونے کے متعلق نامپلی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حکومت بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کو دور کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔