[]
نئی دہلی: ایرانڈیا (اے آئی اے ایس اے ٹی ایس) کے 4 ارکان عملہ اور برطانیہ جانے والے ایک ہندوستانی مسافر کو انسانی بردہ فروشی میں ملوث ہونے کے شبہ میں سی آئی ایس ایف نے دہلی ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔
ایرانڈیا نے بتایا کہ اس نے اپنے ارکان عملہ کو معطل کردیا ہے۔ یہ واقعہ اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پیش آیا جب ایک مسافر کی سرگرمیاں مشتبہ پائی گئیں۔
وہ ایرانڈیا کی پرواز سے برمنگھم جانے والا تھا۔ سیکوریٹی عملہ نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھا اور پتہ چلا کہ امیگریشن کے عہدیداروں نے ابتداء میں اس مسافر کو سفر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا کیونکہ اس کے سفری دستاویزات مشتبہ تھے۔
انہوں نے وضاحت پیش کرنے کے لئے اس مسافر سے کہا کہ وہ ایرلائن کے عہدیداروں کے ساتھ واپس آئے۔ بہرحال یہ مسافر ایرلائن کے اسٹاف کے پاس نہیں گیا بلکہ اے آئی اے ایس اے ٹی ایس کے رکن عملہ کے پاس پہنچا۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ پتہ چلا کہ اے آئی اے ایس اے ٹی ایس کے ارکان عملہ نے اس مسافر اور دیگر دو مسافرین کو غلط یا غیرقانونی دستاویزات استعمال کرتے ہوئے طیارہ میں سوار کرانے کی کوشش کی تھی۔
واضح رہے کہ اے آئی اے ایس اے ٹی ایس‘ ایر انڈیا لمیٹید اور ایس اے ٹی ایس لمیٹیڈ کے درمیان جائنٹ وینچر ہے اور اس کے ارکان عملہ ریمپ ہینڈلینگ، لوڈکنٹرول، فلائیٹ آپریشنس، بیاگیج ہینڈلینگ اور دیگر خدمات انجام دیتے ہیں۔
اے آئی اے ایس اے ٹی ایس کے 4 ارکان عملہ روہن ورما، محمد جہانگیر، یش اور اکشے نارنگ کو مسافر دلجوت سنگھ کے ساتھ دہلی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ جس نے ان کے خلاف ایک کیس درج کرلیا۔