[]
نئی دہلی: چیف منسٹر بہار نتیش کمار‘ پارٹی کے قومی عاملہ اجلاس میں جمعہ کے دن جنتادل یو کے صدر منتخب ہوئے۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے اور ذات پات پر مبنی مردم شماری کے مطالبہ پر زور دینے کے لئے ان کی ستائش کی گئی۔
پارٹی کے ترجمان ِ اعلیٰ کے سی تیاگی نے کہا کہ نتیش بابو نے للن سنگھ سے پارٹی صدارت اپنے ہاتھوں میں لے لینے پر آمادگی ظاہر کی۔ بند کمرہ میٹنگ میں للن سنگھ مستعفی ہوگئے اور انہوں نے یہ کہتے ہوئے نتیش کمار کا نام تجویز کیا کہ 2024کے لوک سبھا الیکشن سے قبل اس اہم مرحلہ میں نتیش کمار کی قیادت ضروری ہے۔
ذرائع کے بموجب پارٹی کے بیشتر قائدین کی یہی رائے تھی۔ جنتادل یو‘ اپوزیشن انڈیا بلاک کا حصہ ہے۔ للن سنگھ کے اندازِ کارکردگی پر پارٹی کے اندر کئی قائدین نے تنقید کی تھی۔
عاملہ اجلاس میں نتیش کمار نے کہا کہ پارٹی صدر بننے سے انہیں شخصی دلچسپی نہیں ہے لیکن وہ ارکان ِ قومی عاملہ کے فیصلہ کے پابندہوں گے۔ پارٹی کے کئی پرجوش ارکان نے نعرے لگائے اور نتیش کمار کو امیدوارِ وزارت ِ عظمیٰ کے طورپر پیش کیا۔