ممتا بنرجی کی قیام گاہ میں گھسنے مسلح شخص کی کوشش

[]

کولکتہ: پولیس نے جمعہ کے دن ایک شخص کو جو اسلحہ سے لیس کار کے ساتھ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے کالی گھاٹ والے بنگلہ میں داخل ہونے کی مبینہ کوشش کررہا تھا‘ گرفتار کرلیا۔

سیاہ کوٹ پہنے اس شخص کا نام شیخ نور عالم بتایا گیا ہے۔ اسے پولیس کا اسٹیکر لگی کار کے ساتھ ممتا بنرجی کی قیام گاہ ہریش چٹرجی اسٹریٹ میں داخل ہونے کی کوشش پر گرفتار کرلیا گیا۔

کمشنر پولیس کولکتہ ونیت گوئل نے یہ بات بتائی۔ اس وقت ممتا بنرجی اپنے بنگلہ میں موجود تھیں۔ کمشنر نے کہا کہ اس شخص کی کار میں آتشیں اسلحہ‘ ایک کُکری‘ گانجہ اور بی ایس ایف جیسی مختلف ایجنسیوں کے کئی شناختی کارڈ موجود تھے۔

وہ چیف منسٹر سے ملنا چاہتا تھا۔ ہمارے عہدیداروں نے ہریش چٹرجی اسٹریٹ میں داخل ہونے کی کوشش پر اسے روک لیا۔ چیف منسٹر کو زیڈ زمرہ کی سیکوریٹی حاصل ہے اور اس لحاظ سے یہ سنگین معاملہ ہے۔

ہم پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ اس شخص کا اصل مقصد کیا تھا۔وہ بے ربط باتیں کررہا تھا۔ کبھی وہ کہتا ہے کہ اس کا تعلق آنندہ پور سے ہے اور کبھی وہ خود کو پشچم میدنی پور کا رہنے والا بتاتا ہے۔

کولکتہ پولیس اسپیشل ٹاسک فورس‘ اسپیشل برانچ اور مقامی پولیس اسٹیشن کے عہدیدار اس سے کالی گھاٹ پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ کررہے ہیں۔ سیاہ رنگ کی ہیچ بیاک کار بھی ضبط کرلی گئی۔

یہ واقعہ ترنمول کانگریس سربراہ کے اپنے بنگلہ سے باہر نکلنے سے چند گھنٹے پہلے پیش آیا۔ مغربی بنگال اسمبلی میں قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری (بی جے پی) نے ممتا بنرجی کی سیکوریٹی کے انتظامات پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے انسپکٹر انچارج کالی گھاٹ پولیس اسٹیشن اور کمشنر کولکتہ پولیس ونیت گوئل کو فوری ہٹادینے کا مطالبہ کیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *