تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کئی مقامات پرکہر کی گھنی چادر

[]

حیدرآباد: دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کئی مقامات پرکہر کی گھنی چادر دیکھی جارہی ہے اور درجہ حرارت میں روزبروزگراوٹ ہورہی ہے۔

کہر بیشتر مقامات پر صبح8بجے تک بھی نظرآرہی ہے۔دونوں ریاستوں کے ایجنسی علاقوں میں سردی کی لہر میں بتدریج اضافہ درج کیاجارہا ہے۔

اسی دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ تین دنوں کے دوران تلنگانہ اور اے پی میں کئی مقامات پر درجہ حرارت میں مزیدگراوٹ ہوگی۔

شدید سردی کے سبب صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔

کئی لوگ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں جیسے گرم لحافوں اورسوئٹرس کا استعمال کررہے ہیں تو کئی افراد شام ہوتے ہیں آگ تاپنے کا کام بھی کررہے ہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ صبح کی اولین ساعتوں سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے۔

نزلہ‘ کھانسی‘ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ عادل آباد میں گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام سویٹرس‘ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ چائے خانوں پر عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ صبح اورشام کے اوقات میں ضلع کے بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔

ضلع میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے جس کے سبب صبح اور شام کے اوقات میں سردی دیکھی جارہی ہے۔ صبح میں 9بجے تک بھی سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے اور شام میں چار بجے سے دوبارہ سردی کی لہر ہورہی ہے۔

ساتھ ہی کہر کے سبب راستہ بھی صاف دکھائی نہیں دے رہا ہے۔عادل آباد کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں سردی کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے۔ عادل آباد کے دیہاتیوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے مقابلہ اس مرتبہ سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری طرف چہل قدمی کرنے والوں نے بھی اس اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *