[]
حیدرآباد: کورونا کے سلسلہ میں تلنگانہ بھر میں چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ڈاکٹرس نے احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔
شہرحیدرآباد کے عثمانیہ اسپتال کے شعبہ پلمانالوجی کے ڈاکٹر ایم راجیوایم ڈی نے کہا ہے کہ ہر سال کورونا کے معاملات دسمبر میں بڑھتے ہیں۔
دسمبر میں ہندوستان میں موسم سرد ہوتا ہے جس کی وجہ سے کورونا اوردیگر وبائی امراض کے پھیلنے کیلئے درجہ حرارت موزوں ہوتا ہے۔اس کی وجہ سے ایسے معاملات میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ہر وائرس اپنی شکل کو تبدیل کرتا رہتا ہے، اسی طرح کورونا بھی اپنی شکل کو تبدیل کرتا ہے۔
اس کی موجودہ جے این شکل اومیکروان کی ذیلی شکل ہے۔اس کی علامات گذشتہ مرتبہ کورونا کی علامات کے مساوی ہیں۔اس میں کھانسی، سردی،تھکاوٹ،ناک بہنا،جسم درد شامل ہیں۔آرٹی پی سی آرکروانے سے یہ پتہ چلتا ہے کہ مریض اس سے متاثر ہے یا نہیں۔
ڈاکٹر ناگاراجو اسسٹنٹ پروفیسر عثمانیہ جنرل اسپتال نے کہا کہ کوویڈ کی تبدیل ہونے والی شکلوں کی بنیاد پر انسانی جسم پر حملہ کرنے کی طاقت میں کمی یا زیادتی ہوتی رہتی ہے۔
چار سال قبل چین سے شروع ہو کر دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو ہلاک کرنے والی یہ وبا گزشتہ 18 ماہ سے تھم گئی تھی لیکن اب یہ ایک بار پھر خبروں میں ہے کیونکہ ہندوستان سمیت دنیا بھر میں ایک بار پھر کورونا کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے۔