[]
دبئی: گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے خلیجی دورے کے آخری مرحلے متحدہ عرب امارات پہنچنے پر سرکاری تقریب کے ساتھ صدر رجب طیب ایردوان کا استقبال کیا۔
الوطن محل میں تقریب کے بعد، ایردوان اور النہیان نے ون آن ون ملاقات کی اور بعد میں وفود کے درمیان ملاقات کی صدارت کی۔
اجلاس میں اپنے خطاب میں ایردوان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مشترکہ معاہدے سے تعلقات اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح تک پہنچ جائیں گے۔
25 تا 28 جولائی کو استنبول میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی دفاعی صنعت فیسٹویل آئی ڈی ای ایف کے ساتھ اس تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے، ایردوان نے ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلے میں بطور “مہمان خصوصی” مدعو کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایردوان نے کہا کہ وہ اس سال ابوظہبی میں ترک ثقافتی مرکز کھول کر متحدہ عرب امارات میں اسے حقیقت کا روپ دینا چاہتے ہیں۔
مذاکرات کے بعد ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سرمایہ کاری، معیشت، صنعت، دفاع، قانون، عدلیہ، قابل تجدید توانائی اور خلائی صنعت کے شعبوں میں 13 معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن کی مجموعی رقم 50.7 بلین ڈالر ہے۔
مذاکرات کے بعد صدر النہیان نے صدرایردوان کو “زاید اسٹیٹ میڈل” سے نوازا۔
ایردوان اور النہیان نے اس سال متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ کڑا پہن کر تصاویر بھی کھینچوائی ہیں۔
النہیان نے سفید رنگ کی توگ گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے صدر ایردوان کے ہمراہ وطن پیلس سے نکل کر ابوظہبی کی سڑکوں پر گاڑی چلائی اور بعد ازاں النہیان نے صدر ایردوان کو ان کے ہوٹل تک اسی گاڑی کے ذریعے چھوڑا۔
یہ گاڑی ترکیہ میں تیار کی گئی ہے جو ترکیہ کی پہلی الیکٹر کار بتائی جاتی ہے۔ صدر اردوان نے اسے تحفتاً النہیان کو پیش کیا تھا۔