[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گارڈین کونسل کے سیکرٹری آیت اللہ احمد جنتی نے آج (بدھ 19 جولائی 2023ء) کے اجلاس کے آغاز میں نگہبان کونسل کے قیام کی سالگرہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کو اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام میں بہت اہم مقام ہے۔ امام راحل رح اور رہبر معظم کی تاکیدات اس ادارے کے اہم فرائض اور اعلی منصب کی حرمت کی حفاظت کی اہمیت کو نمایاں کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ تمام ادوار میں نگہبان کونسل کے اراکین نے اپنے قانونی فرائض کو احسن طریقے سے انجام دینے کی کوشش کی۔
نگہبان کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے گذشتہ دنوں نگہبان کونسل کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آیت اللہ جنتی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ معاشرے کو اداروں کی قانونی حیثیت اور فرائض سے آگاہ کرنا اور خاص طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین سے معاشرے کو آشنا کرنا، قانون کے صحیح نفاذ اور بہتر کارکردگی میں مددگار ثابت ہوگا۔
اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں انہوں نے ماہ محرم کی آمد اور حضرت سید الشہداء کے عزاداروں کے سوگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اس دردناک سانحہ پر تعزیت پیش کرتا ہوں، جس کا درد مومنین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور میں امید کرتا ہوں کہ ان ایام میں جو سوگ منایا جائے گا، اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائے گا۔
نگہبان کونسل کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ “امام حسین علیہ السلام کی معرفت کے ساتھ عزاداری انسان کی تربیت میں موئثر رول رکھتی ہے اور یہ عزاداری پوری تاریخ میں ہمیشہ اسلام کے بنیادی تصورات، فلاح اور عظمت کے تحفظ میں معاون رہی ہے۔
آیت اللہ جنتی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ امام حسین علیہ السلام کے فسلفہ قیام سے آشنائی ہر آزاد انسان کو ان کا شیدائی بنا دیتی ہے، کہا کہ حضرت سید الشہداء کی عزاداری کے انعقاد کا سب سے اہم مقصد امام کے فسلسہ قیام کی شناخت پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی مسئولین اور دینی اداروں کے ذمہ داروں کو عزقداری کے ان بابرکت ایام کی قدر کرنی چاہئے کہ جہاں لوگوں کے دل روحانیت کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور بہت سے دینی اجتماعات مجالس کی شکل میں منعقد ہوتے ہیں۔ اس عظیم فرصت اور موقع سے معاشرے بالخصوص نوجوانوں کے مذہبی عقائد کو مستحکم کرنے کے لئے بھر پور استفادہ کرنا چاہئے۔
نگہبان کونسل کے سیکرٹری نے ماہ محرم میں عزاداری کرنے کو معاشرے کے ثقافتی ماحول کی بحالی اور تعمیر کا ایک اہم عنصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے دشمنان اسلام نے ہمیشہ اس عظیم روایت کے جاتمے اور انحراف کے لئے منصوبہ بندی کی ہے لیکن سچی بات یہ ہے کہ حضرت سید الشہداء کی الٰہی تحریک کی عظمت ہی دشمنوں کے عزائم کی ناکامی کا سبب بنی ہے۔