[]
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ہم ریاست میں دستیاب وسائل کا موثر استعمال کریں گے۔ وہ آج صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کیمپ آفس کو مری چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کی فاضل اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ فی الفور کیمپ آفس ایم سی آر ایچ آر ڈی کی عمارت میں قائم کیا جائے گا۔
کیمپ آفس کے لئے نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ قانون ساز اسمبلی کی قدیم عمارت کا موثر استعمال کیا جائے گا۔ جہاں تک اعلیٰ عہدیداروں کے تبادلوں کا سوال ہے۔ اس میں کوئی کوتاہی نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی کی پیروی کو برداشت کیا جائے گا۔
چیف منسٹر نے بتایا کہ بی آر ایس حکومت جو کسانوں کو 24 گھنٹہ برقی سربراہ کرنے کا دعویٰ کررہی تھی۔ 12 تا 14 گھنٹہ سے زیادہ برقی فراہم نہیں کی گئی۔
ہم تمام معاملات کا جائزہ لینے کے بعد برقی سربراہی کے مسئلہ پر وائٹ پیپر جاری کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس ایڈوائیزری کے اجلاس میں اسمبلی کے ایام کار سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ درگم چیرو ہائی ٹیک سٹی تا شمس آباد ایرپورٹ تک نئی میٹرو لائن کامیاب نہیں ہوگی۔
چنانچہ ہم ایرپورٹ تک میٹرو ریل لے جانے کے لئے ایک اور راستہ کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی بلکہ وہ پرانا شہر فلک نما تا شمس آباد ایرپورٹ تک میٹرو لائن لیجانے کے لئے رپورٹ پیش کریں۔ رپورٹ وصول ہوتے ہی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابقہ راج شیکھر ریڈی حکومت نے میٹرو ریل کو سکندرآباد تا فلک نما براہ گولی گوڑہ بس ڈپو تعمیر کیلئے منظوری دی تھی لیکن بی آر ایس حکومت نے پرانا شہر میں میٹرو ریل کو نظر انداز کردیا تھا۔