[]
پونے: رضوان نامی ایک شخص نے مراٹھا عوام کے ثقافتی دارالحکومت پونے میں گھر حاصل کرنے میں ناکامی پر اپنی برہمی سے واقف کرانے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس کا سہارا لیا۔
رضوان نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پونے میں گھر حاصل کرنے کا میرا خواب چکناچور ہوگیا ہے۔ میں نے پورا پونہ چھان مارا۔ بیشتر گیٹیڈ سوسائٹی بین مذہبی لیز معاہدوں کی اجازت نہیں دیتی۔ لوگوں نے مجھے بتایا کہ اگر مجھے کوئی گھر مل بھی جائے تو وہ لوگ چند ماہ کے اندر مجھے نکال باہر کریں گے۔
اس کا پوسٹ وائرل ہوگیا جس پر سوشل میڈیا پر زبردست توجہ دی گئی اور انٹرنٹ صارفین نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے رضوان سے ہمدردی ظاہر کی جبکہ دیگر نے اپنے تجربات کی بنیاد پر سارے ملک کے خلاف فیصلے صادر کردیئے۔ ایک شخص نے کہا ”ائے دوست، یہ سن کر بڑا افسوس ہوا۔ لیکن سارے ملک کو ایک جیسا نہ سمجھیں۔
بعض اوقات ہندوستان کے ٹائر2 اور خودساختہ ٹائر1 شہر کسی قدر سخت معلوم ہوتے ہیں۔ کسی بڑے شہر کو منتقل ہونے کی کوشش کریں۔ ایک اور شخص نے حیرت ظاہر کرتے ہوئے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی حیرت انگیز بات ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ نے صرف چند واقعات کی بنیاد پر یہ ٹویٹ نہیں کیا ہوگا۔
کئی افراد کو مماثل تجربہ ہوا ہے۔ غیرشادی شدہ افراد کو بھی گھر کرایہ پر نہیں دیئے جاتے۔ ایک اور شخص نے کہا کہ میرے خیال میں ہندوستان میں کہیں بھی کرایہ پر مکان حاصل کرنا دشوار نہیں ہے۔ لوگ آپ کے بارے میں پوچھ تاچھ کریں گے اور انہیں ایسا کرنے کا حق حاصل ہے۔
آپ انہیں کیوں موردِ الزام ٹھہرا رہے ہیں۔ میں گجرات میں رہتا ہوں اور ملازمت کیلئے انٹرویو کے دوران مجھے کئی مرتبہ ایسے سوالات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن میں نے برا نہیں مانا۔ آپ کو اسے کھل کر قبول کرنا چاہئے۔