[]
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بی جے پی پارلیمانی پارٹی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ جوانتخابی کامیابیاں مدھیہ پردیش‘ چھتیس گڑھ اور راجستھان میں ملی ہیں‘ یہ صرف ان کی کامیابی نہیں ہے بلکہ تمام پارٹی کارکنوں کی ہے۔
میٹنگ پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے چوتھے دن کی کارروائی سے قبل منعقد ہوئی۔ مودی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی دہلی کے قائدین کی ہی نہیں ہے بلکہ کارکنوں نے بھی اپنی زندگیوں کو پارٹی اور عوام کی خدمت کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں وقف کردیا ہے۔
وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے کہاکہ وہ صرف انہیں مودی کہہ کر مخاطب کریں اور مودی جی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام مجھے مودی کے نام سے جانتی ہے۔ لہٰذا عوام میں اور خطاب میں کوئی فاصلہ نہ پیدا کریں جیسے رسمی خطابات آدرنیا’شری‘ اور ’جی‘ ان کے نام کے ساتھ نہ لگائیں۔
مودی آنے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کیلئے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ارکان پارلیمنٹ سرگرمی کے ساتھ ’وکست بھارت یاترا‘ اپنے اپنے حلقوں میں نکالیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مرکز کی ’وشواکرما یوجنا‘ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ عوام تک پہنچے۔
سنکلپ یاترا کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ارکان پارلیمنٹ کو چاہئے کہ وہ کارکنوں کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں رابطہ قائم کریں اور میدان میں ان کے ساتھ ٹھہریں۔
وزیراعظم نے مزید یہ بات کہی۔ میٹنگ میں آمد پر ان کا پرجوش خیر مقدم کیاگیا۔ پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پھول مالا پیش کی جبکہ مرکزی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے ستائشی نعرے بلند کئے۔