[]
غازی آباد: غازی آباد میں ایک 26 سالہ ویٹر کو محض اس لئے ہلاک کردیا گیا کیونکہ ایک شادی کی تقریب میں استعمال شدہ پلیٹس کی تھال مہمانوں تک پہنچی جس کے نتیجہ میں بحث و تکرار ہوگئی یہ واقعہ اترپردیش کے غازی آباد میں 17 نومبر کو سی جی ایس واٹیکا گیسٹ ہاوز واقع پستہ روڈ میں پیش آیا۔
جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب تقریب میں ویٹر کی جانب سے استعمال شدہ پلیٹس لائی گئیں۔
جھگڑے کے دوران چند آدمیوں کی جانب سے پنکج نامی ویٹر کو بے رحمی کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ملزمین نے یہ اندیشہ محسوس کرتے ہوئے کہ ویٹر فوت ہوگیا اس کی نعش ایک جنگل میں پھینک دی۔
پولیس نے دوسرے روز 18 نومبر کو پنکج کی نعش برآمد ہونے کے بعد تحقیقات شروع کی، پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے سر پر گہرا زخم پایا گیا۔
تحقیقات کے دوران متاثرہ کی ماں نے پولیس کو بتایا کہ وہ شادی کے مقام پر کام کے لئے گیا تھا اور گھر نہیں لوٹا۔ جس کے بعد پولیس نے پتہ چلایا کہ پنکج ایک کنٹراکٹر منوج گپتا کے توسط سے گیسٹ ہاوز میں ایک ویٹر کے طور پر کام کررہا تھا جو گیسٹ ہاوز کا ایک پارٹنر ہے۔
تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ منوج نے جھگڑے کے دوران پنکج پر حملہ بھی کیا تھا۔ پنکج کے سر پر شدید زخم لگے جب ملزمین کی جانب سے اسے زمین پرگرا دیا گیا، پولیس نے یہ بات کہی۔ منوج کے ساتھ امیت کمار اور دیگر ایک شخص کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔