
حیدراباد – تلنگانہ کے نظام آباد ضلع مستقر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں بیوی پر شک میں مبتلا ایک شخص نے اپنے ہی تین ماہ کے بیٹے کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔ اشوک نگر کا رہنے والا یووراج نے شبہ ظاہر کیا کہ بچہ اس کا نہیں ہے، جس کے بعد وہ شیر خوار کو اپنے ساتھ لے گیا اور شہر کے ریلوے ٹریک کے قریب ایک سنسان مقام پر چاقو سے وار کر کے ہلاک کر دیا اور نعش کو جھاڑیوں میں چھپا دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی والدہ پرینکا نے جمعرات کو فرسٹ ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ اس کا شوہر تین ماہ کے بچے کو لے کر لاپتہ ہو گیا ہے۔ خصوصی ٹیموں کی تلاشی کے بعد جمعہ کو ملزم یووراج کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی
، جس دوران اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے بچے کی نعش برآمد کر کے ضلع سرکاری دواخانے کے مردہ خانے منتقل کر دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے، جبکہ مقتول کی ماں نے اپنے شوہر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
