
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی لبنان میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران حزب اللہ کے حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، پہلا واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جب حزب اللہ کے ایک دھماکا خیز ڈرون نے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے مزید بتایا کہ دوسرے واقعے میں جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی دستے کے راستے میں نصب ایک سڑک کنارے بم پھٹنے سے چار اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
صہیونی میڈیا نے چند گھنٹے قبل جنوبی لبنان میں ایک اور سکیورٹی حادثے کی اطلاع بھی دی تھی اور کہا تھا کہ یہ واقعہ ان دو غیر معمولی سکیورٹی واقعات سے الگ ہے جو بدھ کی صبح اور دوپہر کے وقت اس علاقے میں پیش آئے تھے۔
