غزہ کے الشفا ہاسپٹل میں 179  شہید فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین

[]

غزہ: غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے کمپاؤنڈ میں شہید 179 فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کر دی گئی۔ غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابوسلمیہ کا کہنا ہے کہ الشفا اسپتال میں موجود 179 لاشوں کو اسپتال کے کمپاؤنڈ میں اجتماعی قبر میں دفنایاگیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈائریکٹر اسپتال ابوسلمیہ نے کہا کہ شہید فلسطینیوں کی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفن کرنے پر مجبور کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپتال کےکمپاؤنڈ میں دفن کیے جانے والوں میں آئی سی یو میں مرنے والے 7 شیر خوار بچے اور 29 مریض بھی شامل ہیں جو ایندھن نہ ہونے کے سبب دم توڑ گئے تھے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے کئی روز سے الشفا اسپتال کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور اس کے اندر موجود ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بجلی کے جنریٹرز کے لیے ایندھن نہ ہونے کے باعث وہ مریضوں کا علاج کرنے سے قاصر ہیں۔اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے بتایا تھا کہ الشفا اسپتال مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس وقت الشفا اسپتال کے اندر 650 مریض، 500 عملے کے افراد اور ڈھائی ہزار کے قریب بے گھر افراد موجود ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گزشتہ 3 روز کے دوران الشفا اسپتال کے کم از کم 32 مریض شہید ہوچکے ہیں، جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *