
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حزب اللہ کے مجاہدین نے جنوبی لبنان کے مختلف محاذوں پر اسرائیلی فوجی اہداف کے خلاف میزائل اور ڈرون کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے متعدد اہداف اور تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق حزب اللہ نے الخیام کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک ٹھکانے پر دو مرتبہ میزائل داغے جس سے دشمن کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔
مزاحمتی تنظیم کے مطابق ایک اور کارروائی میں رشاف کے مقام پر موجود اسرائیلی فوجی گاڑیوں اور فوجیوں کے اجتماع پر راکٹوں کی بارش کی گئی۔
حزب اللہ نے یہ بھی دعوی کیا کہ اس کے مجاہدین نے وادی الحجیر کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے صہیونی ہرمس 450 ڈرون کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اسے علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔
ایک علیحدہ بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ الشقیف قلعے کے اطراف موجود ایک مرکاوا ٹینک کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ٹینک تباہ ہو گیا۔
تنظیم کے مطابق الشقیف کے اطراف اسرائیلی فوجیوں اور عسکری گاڑیوں کے ایک اور اجتماع کو خودکش ڈرونز کے ذریعے ہدف بنایا گیا۔
