عراقی مزاحمتی تحریک کی امریکہ سے سکیورٹی معاہدہ فوری ختم کرنے کی اپیل

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مزاحمتی تحریک النجباء کے ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ شیخ ناظم السعیدی نے امریکی فضائی حملے میں عراقی فوج اور حشد الشعبی کے اہلکاروں کی شہادت پر شدید ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق میں موجود امریکی فوجی اڈے اب اسرائیل کے دفاع کے لیے فرنٹ لائن بن چکے ہیں۔

ناظم السعیدی نے کہا کہ عراق کی خودمختاری اس وقت قومی وقار کے ایک بڑے امتحان سے گزر رہی ہے، اور انہوں نے عراقی پارلیمنٹ اور قومی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ امریکہ کے ساتھ سکیورٹی معاہدہ فوری طور پر ختم کیا جائے، جو ان کے بقول جارحیت کے لیے ایک پردہ بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کا واحد راستہ امریکی موجودگی کا خاتمہ ہے، اور ایک مضبوط و خودمختار عراق اسی وقت ممکن ہے جب بیرونی اثر و رسوخ ختم کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکہ کی جانب سے مغربی عراق کے صوبہ الانبار میں الحبانیہ کے فوجی کلینک پر فضائی حملہ کیا گیا، جس میں 7 عراقی فوجی شہید جبکہ کم از کم 13 افراد زخمی ہوئے۔

اس حملے کے بعد عراق کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *