سعودی عرب اور فرانس کا جوہری تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق

[]

مہر خبررساں ایجنسی نے سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے فرانس کی توانائی کی وزیر ایگنیس رونچیٹ سے ریاض میں ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے جوہری توانائی کے محفوظ اور پرامن استعمال، تابکار فضلے کو ٹھکانے لگانے کے انتظام اور انسانی صلاحیتوں کی ترقی کے فریم ورک کے اندر دونوں ممالک کے جوہری توانائی کے حوالے سے مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے کے معاہدے پر زور دیا۔

ملاقات کے بعد فریقین نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ: توانائی سعودی عرب اور فرانس کی حکومتوں کے درمیان گزشتہ دور میں مشترکہ تعاون کے اہم موضوعات میں سے ایک ہے دونوں ممالک 2 فروری 2023 کو توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے کئے گئے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں۔

سعودی عرب اور فرانس کے وزراء نے بجلی کے حوالے سے مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے اور نجی شعبے کی جانب سے بجلی کے منصوبوں کے نفاذ کے ساتھ ساتھ قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مذکورہ پریس کانفرنس میں پیرس معاہدے کے مطابق دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی کی ٹیکنالوجی اور اس کے حل، ہوا بازی، بحری، پیٹرو کیمیکل جیسے کاربن کے زیادہ اخراج والے شعبوں میں کاربن کو استعمال اور ذخیرہ کرنے کے لیے تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *