[]
حیدر آباد: پولیس نے صدرپردیش کانگریس تلنگانہ اے ریونت ریڈی کو منگل کے روز شہر میں اس وقت حراست میں لے لیا جب کہ وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو چالینج دینے کے بعد یادگار شہیدان پہونچے۔
ریونت ریڈی نے کے سی آر کو چالینج کیا تھا کہ وہ (کے سی آر) قسم کھائیں کہ اسمبلی انتخابات میں رائے دہندوں کو لبھانے کے لئے پیسہ اور شراب تقسیم نہیں کریں گے۔ صدر ٹی پی سی سی ریونت ریڈی اپنے حامیوں کے ساتھ اسمبلی عمارت کے قریب گن پارک پر واقع شہیدان تلنگانہ پر عہد کو پورا کرنے کے لئے پہونچے تھے۔
پولیس نے ریونت ریڈی اور دیگر کو یہ کہتے ہوئے یہاں جمع ہونے سے روکدیا کہ اس کی قبل ازوقت اجازت نہیں لی گئی ہے۔ پولیس کی کارروائی پر کانگریس قائدین نے شدید اعتراض کیا جس کے نتیجہ میں بحث و تکرار ہوئی۔
پولیس نے کانگریس قائدین کو روکنے کی کوشش کی مگر پارٹی کارکنوں نے پولیس کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کی جس کے سبب اس علاقہ میں کچھ دیر کے لئے حالات کشیدہ ہوگئے۔ سابق ایم پی انجن کمار یادو کے بشمول کانگریس کے کئی قائدین اور کارکنوں نے سڑک پر بیٹھ کر پولیس کارروائی کے خلاف نعرے بلند کئے۔
پولیس نے ان احتجاجیوں کو زبردستی یہاں سے اُٹھادیا اور پولیس کی گاڑیوں میں منتقل کردیا۔ پولیس نے ریونت ریڈی کو بھی حراست میں لے لیا اور انہیں پارٹی ہیڈ آفس گاندھی بھون منتقل کردیا گیا۔
ریونت ریڈی نے ہفتہ کے روز چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو چالینج کیا تھا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو 17 / اکتوبر کو یادگار شہیدان آئیں اور ووٹروں میں پیسہ اور شراب تقسیم نہ کرنے کی قسم کھائیں۔ کرناٹک سے پردیش کانگریس کو بھاری رقومات کی منتقلی کے الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کے سی آر کو یہ چالینج دیا تھا۔
پی ٹی آئی کے مطابق حکام سے قبل ازوقت اجازت کے بغیر یہاں پہونچنے کے بعد پولیس نے صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی کو منگل کے روز گن پارک کے قریب احتیاطاً حراست میں لے لیا۔
ریونت ریڈی نے حالیہ دنوں بی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو چالینج کیا تھا کہ وہ (کے سی آر) گن پارک پر واقع یادگار شہیدان تلنگانہ آئیں اور ووٹروں میں پیسہ اور شراب تقسیم نہ کرنے کی قسم کھائیں۔
ریونت ریڈی نے قبل ازوقت متعلقہ حکام سے اجازت حاصل نہیں کی جبکہ مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہے۔ پولیس نے نظم و ضبط کے مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی کو احتیاطاً حراست میں لے لیا اور پھر بعد میں انہیں گاندھی بھون منتقل کردیا۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں نے پولیس ظلم بند کرو کے نعرے بلند کئے۔