ایران اور عراق کا مستقبل روشن ہے، مشیر رہبر معظم انقلاب

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں عراق کے باہمت، صابر اور شجاع عوام کو اپنے ملک کی تقدیر اپنے ہاتھوں سے متعین کرنے کی اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عراقی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے ملک اور خطے کے مستقبل میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عراق عرب اور اسلامی دنیا کے بااثر ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ اس سرزمین کی پانچ ہزار سال سے زیادہ قدیم تاریخ انسانی تہذیب کی بنیادوں میں شمار ہوتی ہے۔ سومری تہذیب، جو اسی خطے میں ابھری، انسانی تاریخ کی اولین درخشاں مثالوں میں سے ایک ہے۔

ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ عراقی عوام نے اسلامی تمدن اور علمی ترقی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا۔ صدیوں تک عراق دنیائے اسلام کا علمی و فکری مرکز رہا، اور آغاز اسلام سے اب تک یہاں کے عوام اہل بیتؑ کی محبت اور پیروی میں پیش پیش رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ائمہ اطہارؑ کے مقدس مزارات کی موجودگی اس سرزمین کے ایمان اور عقیدت کی علامت ہے۔ عراق کے تمام اقوام و مذاہب، شیعہ، سنی اور کرد ان مقدس مقامات کے احترام اور حفاظت میں متحد ہیں۔

ولایتی نے مزید کہا کہ عراقی عوام نے ایک بار پھر اپنے سیاسی شعور اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ حالیہ انتخابات ان کے سماجی اور جمہوری پختگی کا ثبوت ہیں اور پورے خطے کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات دشمنان عراق کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ کوئی بھی بیرونی طاقت اس ملک کی تقدیر پر اثرانداز نہیں ہو سکتی۔

اپنے پیغام کے آخر میں ولایتی نے کہا کہ “ایران اور عراق کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور دینی رشتے موجود ہیں۔ انہی مشترکہ بنیادوں پر دونوں ممالک کا مستقبل روشن اور امیدافزا ہے، اور دوستی و تعاون کا یہ سفر مزید مضبوط ہو گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *