[]
حیدرآباد: ایس آئی او آف انڈیا کی جانب سے ملک گیر سطح پر فلسطینی مسلمانوں کے حق میں یکجہتی مظاہرے کئے گئے۔ اسی ضمن میں ایس آئی او حیدرآباد کی جانب سے شہر کے دس سے زائد مقامات پر خاموش مظاہروں کے ذریعہ فلسطینی مسلمانوں کی تائید کی گئی اور ان پر جاری اسرائیلی ظالمانہ تشدد اور دہشت وبمباری کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر حافظ محمد حمادالدین(سٹی سکریٹری، ایس آئی او حیدرآباد) مجمع سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ”ہمارا سب سے پہلا مطالبہ ان مسلم ممالک سے ہیں جنہوں نے اس انتہائی ہم عالمی مسئلہ پر صرف زیر لب فلسطینیوں کی تائید کرکے یہ سمجھ رکھا ہے کہ انہوں نے اپنا حق ادا کردیا حالانکہ اس ہنگامی صورتحال میں ان کو زبانی الفاظ سے آگے بڑھ کر جاری جنگ کو قابو میں لانے کیلئے عملی کوششیں بھی کرنی چاہئے تھی“،
دوسرا مطالبہ حکومت ہند سے یہ کہا کہ گزشتہ ساٹھ سالوں سے ہندوستان کی فلسطینیوں کی تائید میں جو پالیسی رہی ہے اس کا ایک لخت اسرائیل کی تائید میں بدل جانا بالکل غیر انسانیت پسند عمل اور مفاد پرستی ہے، ”چنانچہ ہندوستانی حکومت فوری طورپر اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے اور اس جاری بربریت پر لگام لگانے میں اپنا رول ادا کرے۔
تیسرا مشورہ مسلمانان ہند کو دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے اپنے مقامات پر رہتے ہوئے کھل کر فلسطین کی تائید کریں اور خصوصاً نمازوں اور دعاؤں کے ذریعہ اللہ سے مدد ونصرت طلب کریں۔
ایس آئی او انڈیا ماضی سے ہی فلسطین کے حق میں اپنا تائیدی دوٹوک موقف واضح کرتے آرہی ہے۔ یہ مظاہرے مختلف مقامات بشمول خلوت، سنتوش نگر، یوسف گوڑہ، بورا بنڈا، راجندر نگر، ٹولی چوکی، 7 گنبد وغیرہ پر منعقد کئے گئے۔ فلسطین کی حمایت میں مختصر بیانات کئے گئے اور دعا پر اختتام کیا گیا۔