
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جنوبی لبنان اور بقاع میں اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں متعدد بے گناہ شہریوں سمیت ایک اسکول کے طلباء شہید اور زخمی ہوئے۔
ترجمان نے ان حملوں کو دہشت گردی پر مبنی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ان پر عالمی سطح پر سخت ردعمل آنا چاہیے۔
اسماعیل بقائی نے شہداء کے اہلِ خانہ اور لبنانی عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیلی حکومت کو ان جرائم پر قانونی طور پر جوابدہ بنایا جائے اور اسے سزا دی جائے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مسلسل خلاف ورزیوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی ذمہ داری کو مزید بڑھادیا ہے کہ اس قانون شکنی اور جرائم کے خلاف مؤثر اقدام کریں۔
