[]
گلاب سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس واحد پارٹی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے، اس لیے آج ہم کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔
نئی دہلی: دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی کی موجودگی میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کے درجنوں لیڈران آج کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ یہ عآپ کے لیے زوردار جھٹکا ہے کیونکہ پہلے بھی درجنوں لیڈران و کارکنان عآپ کا دامن چھوڑ کر کانگریس کا ہاتھ تھام چکے ہیں۔ آج کانگریس میں شامل ہونے والے لیڈران میں گلاب سنگھ ٹھاکر، دیپک راجپوت، ندیم، ساگر جین وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ یہ سبھی اپنے درجنوں حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔
اس موقع پر گلاب سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس واحد پارٹی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے، اس لیے آج ہم کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اروندر سنگھ لولی نے پارٹی میں سب کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تمام لوگ غیر مشروط طور پر کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کی شمولیت سے کانگریس میں تبدیلی آئے گی۔ پارٹی مضبوط ہوگی اور ہم مل کر دہلی کے لوگوں کی خدمت کریں گے۔
سینئر لیڈر مکیش شرما اور جتیندر کمار کوچر نے اس موقع پر کہا کہ دہلی میں ایک بڑی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ لوگ عام آدمی پارٹی کی حکمرانی سے ناخوش ہیں اور وہ اب تبدیلی کے موڈ میں ہیں۔ بہرحال، اس تقریب میں ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی کے علاوہ منگت رام، مکیش شرما، جتیندر کمار کوچر، نیرج بسویا، گرچرن سنگھ راجو، آصف محمد خان کے علاوہ کئی سیاسی شخصیات موجود تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;