[]
سری نگر: ڈیموکریٹک پروگرسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئر مین غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ ملک میں یونیفارم سول کوڈ کا نفاذ اتنا آسان کام نہیں ہے جتنا آسان کام دفعہ 370 کو ہٹانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میری حکومت کو صلاح ہے کہ وہ ایسا قدم نہ اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر بنانے کے زمین صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کو ملنی چاہئے۔ موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘یونیفارم سول کوڈ اتنا آسان نہیں ہے جتنا دفعہ 370 کو ختم کرنا تھا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس میں سب مذاہب آتے ہیں نہ صرف مسلمان، بلکہ سکھ، عیسائی پارسی وغیر بھی آتے ہیں، اتنے لوگوں کو ایک وقت میں ناراض کرنا کسی بھی سرکار کے لئے اچھا نہیں ہے، میری حکومت سے صلاح ہے کہ وہ ایسا اقدام نہ کرے’۔
حکومت کی طرف سے بے گھر افراد کو زمین فراہم کرنے پر مسٹر آزاد نے کہا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے لیکن اس میں شرط یہ ہے کہ زمین صرف جموں وکشمیر کے لوگوں کو ہی ملنی چاہئے۔
اسمبلی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘ہم گذشتہ 6 برسوں سے اس انتظار میں ہیں کہ یہاں کب اسمبلی الیکشن ہوں گے جموں وکشمیر کے لوگ بھی اس کا انتظار کر رہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہاں جمہوری نظام یعنی عوامی حکومت قائم ہونی چاہئے ہندوستان یا دنیا کے کسی بھی حصے میں آفیسر 6 مہینوں سے زیادہ وقت تک حکومت نہیں چلا سکتے ہیں’۔