شرمیلا کی پارٹی تلنگانہ انتخابات میں حصہ لے گی، کانگریس میں انضمام کو مسترد کر دیا گیا

[]

حیدرآباد: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی جس کی سربراہ وائی ایس شرمیلا ہیں، آئندہ ماہ ریاست میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہے کیونکہ پارٹی کا کانگریس میں انضمام مسترد کردیا گیا ہے۔

شرمیلا نے کل جمعرات کے روز حیدرآباد میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں کتنے حلقوں سے انتخابات لڑنا ہے پر غور ہوگا اور پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی جائے گی۔

بتایاجاتا ہے کہ پارٹی، تلنگانہ میں 119 کے منجملہ ایک سو اسمبلی حلقہ جات سے انتخاب لڑے گی۔ متحدہ ریاست کے سابق چیف منسٹر راج شیکھرریڈی کی دختر شرمیلا، دو اسمبلی حلقوں پالیرو اور مریال گوڑہ سے انتخاب لڑیں گی جبکہ ان کی والدہ وائی ایس وجیہ اماں، حلقہ اسمبلی سکندرآباد سے مقابلہ کریں گی۔

کانگریس قیادت نے شرمیلا کو آندھراپردیش کانگریس پارٹی کی قیادت سنبھالنے کی خواہش کی تھی جہاں ان کے بھائی جگن موہن ریڈی کی حکومت ہے تاہم شرمیلا نے ایسا کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی نے تلنگانہ میں تنہا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شرمیلا نے کانگریس قیادت پر واضح کردیا کہ وہ آندھراپردیش نہیں جائیں گی اور وہ صرف تلنگانہ میں اپنا سیاسی کیرئیر بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

بھائی جگن سے اختلافات کے بعد بہن شرمیلا نے دوسال قبل 2021 میں وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی تشکیل دی تھی۔

چیف منسٹر کے سی آر کی سخت ناقد شرمیلا نے کرناٹک میں کانگریس کی اقتدار پر واپسی کے بعد اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کے بارے میں پارٹی قیادت سے مذاکرت کئے تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *