[]
حیدرآباد: سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میاچ کے دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں میں حیدرآباد میں بیٹھے تماشائی ’جیتے گا بھئی جیتے گا، پاکستان جیتے گا‘ کے نعرے لگاتے ہوئے نظر آئے۔ اسماعیل خان نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کرکٹ لوگوں کو جوڑنے کی طاقت رکھتی ہے۔‘
پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ منگل کو حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 345 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کیا۔
اس سے قبل ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا سکور چیس کرنے کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پاس تھا۔ آئرش ٹیم نے 2011 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سینچریاں سکور کرکے گرین شرٹس کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان نے 121 گیندوں پر 131 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبداللہ شفیق نے 103 گیندوں پر 113 رنز بنائے۔
پاکستان کی جیت پر سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین بھی دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے نظر آئے۔ محمد رضوان اپنی اننگز کے دوران کئی مرتبہ کمر میں تکلیف کی وجہ سے لڑکھڑاتے ہوئے اور زمین پر لیٹے ہوئے نظر آئے لیکن اس کے باوجود وہ کریز پر موجود رہے۔
محمد رضوان نے میچ کے بعد اپنی انجری کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’کبھی صرف پٹھے کھنچ جاتے ہیں اور کبھی یہ میری اداکاری ہوتی ہے۔‘ عبدالمعیز جعفری نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر رضوان ہمیں یہ میچ جتوا دیتے ہیں تو میں سڑک کنارے گاڑی روکوں گا اور نماز پڑھوں گا۔‘
خیال رہے کچھ مہینوں پہلے محمد رضوان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گاڑی سڑک کنارے روک کر فُٹ پاتھ پر نماز پڑھتے ہوئے نظر آئے تھے۔ عالیہ چغتائی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میری پوری زندگی میں میں نے پاکستان کو 344 رنز بناتے ہوئے نہیں دیکھا اور میں تقریباً چار دہائیوں سے یہاں موجود ہوں۔‘
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کے ساتھ فاسٹ بولر حسن علی کی بھی تعریف کی جنہوں نے 71 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ ’بولنگ میں لائن اور لینتھ بہتر کرنا ہوگی۔‘
سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 77 گیندوں پر 122 اور سماراوکرم نے 89 پر 108 رنز بنائے۔ سری لنکا کے اوپر پتھم نسانکا نے بھی 61 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے چار، حارث رؤف نے دو اور محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشانکا نے دو اور مہیش ٹھیکشانا اور متھیشا پتھیرانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا تیسرا میچ انڈیا کے خلاف ہفتے کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گا۔