شمالی ہند کی ریاستوں میں شدید ٹھنڈ اور کہرے کا دور جاری ہے۔ فی الحال لوگوں کو اس سے راحت ملنے کا امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔ میدانی علاقوں میں شدید ٹھنڈ کے ساتھ کہرے کی مار نے لوگوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ وہیں پہاڑی علاقوں میں برفباری سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔
گھنے کہرے کی وجہ سے جمعہ کو بھی دہلی میں کئی مقامات پر حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی۔ اس وجہ سے آئی جی آئی ایئر پورٹ پر تقریباً 150 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ 33 سے زیادہ ٹرینیں دہلی سے دیر سے چلیں جبکہ 100 سے زیادہ ٹرینیں تاخیر سے دہلی پہنچیں۔ گھنے کہرے کا اثر سڑکوں پر بھی دیکھنے کو ملا اور وہاں گاڑیاں رینگتی ہوئیں نظر آئیں اور کئی جگہوں پر چھوٹے بڑے حادثے بھی ہوئے۔