
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی گارڈین کونسل کے ترجمان ہادی طحان نظیف نے اعلان کیا ہے کہ جاسوسی کے خلاف سخت سزاؤں کے قانون اور غیر عسکری ڈرونز کے ریگولیشن کے مسودے کو منظوری دے دی گئی ہے، جو اب قانون کا درجہ حاصل کرچکے ہیں۔
یہ قوانین پہلے پارلیمنٹ میں غیر واضح ہونے اور آئینی تحفظات کی بناء پر زیر غور تھے تاہم نئے ترمیم شدہ مسودات کو دوبارہ جائزہ کے لیے پیش کیا گیا جہاں گارڈین کونسل نے انہیں شریعت اور آئین سے متصادم نہیں پایا۔
جاسوسی کے قانون کے تحت دشمن ملکوں، خاص طور پر صہیونی حکومت اور دیگر مخالف ریاستوں کے لیے جاسوسی کرنے والوں اور تعاون کرنے والوں پر سخت ترین سزائیں عائد کی جائیں گی تاکہ قومی سلامتی کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔
دوسرا قانون شہری ڈرونز کو قانونی دائرے میں لانے، ان کی حفاظت، لائسنس اور نگرانی کے لیے ضروری قواعد و ضوابط وضع کرتا ہے تاکہ ان کا استعمال منظم اور محفوظ ہو۔
ہادی طحان نظیف نے بتایا کہ دونوں قوانین، جو حالیہ 12 روزہ اسرائیلی مسلط کردہ جنگ کے دوران پارلیمنٹ سے منظور ہوئے، صدر کے دستخط کے بعد باقاعدہ نافذ العمل ہوجائیں گے۔
