[]
جنوبی افریقہ نے 50 اوورس میں 428 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، جواب میں سری لنکائی ٹیم 44.5 اوورس میں ہی 326 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
کرکٹ عالمی کپ 2023 کے چوتھے مقابلے میں آج جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے بلے بازوں نے رنوں کی خوب بارش کی۔ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کئی ریکارڈس بنے جس نے عالمی کپ ٹورنامنٹ کی سمت و رفتار طے کر دی ہے۔ اس مقابلے میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنوں سے شکست دے دی، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ہارنے والی ٹیم نے 326 رن بنائے۔ ظاہر ہے جنوبی افریقہ نے رنوں کا ایک بہت بڑا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا جس کے سامنے سری لنکا نے بھی اپنا پورا دَم دکھایا۔
ٹاس سری لنکائی کپتان داسُن شناکا نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ انھیں جنوبی افریقی کپتان تیمبا بووما (8 رن) کا وکٹ جلدی مل بھی گیا تھا، لیکن اس کے بعد پوری طرح سے جنوبی افریقی بلے باز چھا گئے۔ اوپر کے چار میں سے تین بلے بازوں نے سنچری لگا دی اور سبھی نے چوکے و چھکے کی بارش کی۔ کوئنٹن ڈیکوک نے 84 گیندوں پر 100 رن، راسی وانڈر ڈوسین نے 110 گیندوں پر 108 رن اور ایڈن مارکرم نے طوفانی انداز میں 54 گیندوں پر 106 رن کی اننگ کھیلی۔ پھر ان کے بعد ہنرک کلاسین نے 20 گیندوں پر 32 رن اور ڈیوڈ ملر نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رن کی طوفانی اننگ کھیلی۔ مارکو جانسن نے بھی آخر میں 7 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 12 رن بنا ڈالے۔ اس طرح جنوبی افریقہ 50 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 428 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ یہ عالمی کپ میں کسی بھی ٹیم کے ذریعہ بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے۔ مارکرم کو ان کی طوفانی اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سری لنکا کی جانب سے کوئی بھی گیندباز ایسا نہیں رہا جس نے 6 سے کم رن فی اوور دیا ہو۔ کپتان داسون شناکا نے 6 اوورس میں 36 رن دیے اور یہی سب سے کفایتی بھی ثابت ہوئے۔ دُنتھ ویلالاگے نے 10 اوورس میں 81 رن (ایک وکٹ)، متھیشا پتھیرانا نے 10 اوورس میں 91 رن (ایک وکٹ)، کسون رجیتھا نے 10 اوورس میں 90 رن (ایک وکٹ)، دلشان مدوشنکا نے 10 اوورس میں 86 رن (2 وکٹ) اور دھننجے ڈی سلوا نے 4 اوورس میں 39 رن خرچ کیے۔
جب سری لنکائی بلے بازی شروع ہوئی تو ان کو پہلا جھٹکا محض 1 رن کے اسکور پر پتھوم نسانکا کی شکل میں لگا۔ لیکن پھر میدان پر اترے کسل مینڈس نے ایک الگ ہی رنگ اختیار کیا۔ ایک طرف کسل پریرا بغیر کوئی رن بنائے کھڑے تھے، اور دوسری طرف چھکوں-چوکوں کی بارش کرتے ہوئے مینڈس نے محض 25 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کر لی۔ نسانکا جب 15 گیندوں پر 7 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھی مینڈس نے اپنا انداز نہیں بدلا اور تیز رن بنانے کی کوشش میں ہی 42 گیندوں پر طوفانی 76 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سری لنکا کی رنوں کی رفتار کم ہو گئی۔ بعد میں آنے والے بلے بازوں میں صرف چرتھ اسلانکا (65 گیندوں پر 79 رن) اور کپتان داسُن شناکا (62 گیندوں پر 68 رن) ہی کچھ حوصلہ افزا کھیل کا مظاہرہ کر سکے۔ نچلے بلے بازوں میں کسون رجیتھا نے 31 گیندوں پر 33 رنوں کا تعاون کیا۔ پوری سری لنکائی ٹیم 44.5 اوورس میں 326 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ اتنے بڑے اسکور تک پہنچنے کے بعد بھی سری لنکا کو 102 رنوں کے بڑے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے سبھی گیندبازوں نے وکٹ حاصل کیے اور سب سے زیادہ 3 وکٹ گیرالڈ کوئٹزے کے حصے میں آئے جنھوں نے 9 اوورس میں 68 رن دیے۔ مارکو جانسن (10 اوورس میں 92 رن)، کگیسو رباڈا (7.5 اوورس میں 50 رن) اور کیشو مہاراج (10 اوورس میں 62 رن) کو 2-2 وکٹ ملے۔ لنگی اینگیڈی کو 1 وکٹ ملا جنھوں نے 8 اوورس میں 49 رن دیے۔
جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں آج 5 انتہائی اہم ریکارڈ بنے۔ سب سے پہلے تو عالمی کپ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب ایک ہی اننگ میں تین بلے بازوں نے سنچری بنائی۔ یہ کارنامہ انجام دیا جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈیکوک، راسی وانڈر ڈوسین اور ایڈن مارکرم نے۔ دوسرا ریکارڈ عالمی کپ میں تیز ترین سنچری کی بنی۔ ایڈن مارکرم نے 49 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے پچھلا ریکارڈ 50 گیندوں پر سنچری مکمل کرنے کا توڑ دیا جو آئرلینڈ کے بلے باز کیون او برائن نے بنایا تھا۔ جنوبی افریقہ نے 428 رن بنا کر عالمی کپ میں کسی بھی ٹیم کے ذریعہ بنایا گیا سب سے بڑا اسکور بھی اپنے نام کر لیا۔ ایک ریکارڈ سری لنکائی بلے باز کسل مینڈس کے نام بھی درج ہوا جنھوں نے اس عالمی کپ کی سب سے تیز نصف سنچری (25 گیندوں پر) بنائی۔ میچ ختم ہوتے ہوتے پورے میچ میں بنائے گئے سب سے زیادہ رن کا ریکارڈ بھی بن گیا۔ یہ ریکارڈ 754 رن (جنوبی افریقہ 428 رن + سری لنکا 326 رن) کا بنا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ہی ٹیموں نے بہترین بلے بازی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;