ایم جی بی ایس پر پاسپورٹ سیوا کیندرا کا افتتاح۔ ا

ایم جی بی ایس پر پاسپورٹ سیوا کیندرا کا افتتاح۔

حیدرآباد۔16/ستمبر(سفیرنیوز/صدائے حسینی)ایم جی بی ایس میٹرو اسٹیشن املی بن پرانا شہر حیدرآباد میں آج پاسپورٹ سیوا کیندرا کا افتتاح صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد جناب بیرسٹر اسدالدین اویسی وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ پونم پربھاکر، رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو،میئر حیدرآباد وجئے لکشمی کے ہاتھوں انجام پایا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ محترمہ ہری چندنا کلکٹر حیدرآباد، ریجنل پاسپورٹ آفیسر اسنیہاجا اور ایم ایل سی مرزا ریاض الحسن آفندی موجود تھے۔ بتایا گیا کہ اس مرکز میں 30 سے زیادہ افراد پر مشتمل عملہ خدمات انجام دے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے
رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو نے کہا کہ حیدرآباد ایک تاریخی شہر ہے اور یہاں پاسپورٹ سے متعلق پرانا شہر کی عوام کی سہولت کیلئے پرانے شہر میں اس مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے انہوں نے عوام کو اس سہولت پر مبارکباد دی۔
جناب اسدالدین اویسی نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ جنوبی حیدرآباد میں پاسپورٹ سیوا کیندرا قائم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے قیام کے لیے کافی عرصے سے کوششیں جاری تھیں اور میٹرو اسٹیشن پر اس مرکز کا قیام عوام کے لیے نہایت سہولت بخش ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں نوجوان بیرون ملک تعلیم اور روزگار کے لیے جاتے ہیں اس لیے عوام کو چاہئے کہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں انہوں نے وزارت امور خارجہ سے بھی اظہار تشکر کیا۔وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ سلاٹ بکنگ کو لیکر عوام ایک بڑا مسلہ ہے انہوں نے اس پاسپورٹ سنٹر میں سلاٹ بُکنگ کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کی اپیل کی تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔اس تقریب میں بی جے پی تلنگانہ کہ سابق ترجمان میر فراست علی باقری اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *