اسلامی ممالک متحد ہوکر صہیونی حکومت کا بائیکاٹ کریں، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے غزہ میں امریکہ اور یورپ کی حمایت کے تحت صہیونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے مسلم ممالک سے اتحاد قائم کرنے اور اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر مسعود پزشکیان نے قطر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ قطر کے امیر کی میزبانی میں ہونے والا یہ اجلاس اسرائیل کے واضح اور تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر مبنی جارحیت کے موضوع پر ہوگا۔

انہوں نے زور دیا کہ صہیونی حکومت کسی بھی حد کو نہیں مانتی اور متعدد اسلامی ممالک، بشمول قطر، لبنان، عراق، ایران اور یمن پر حملے کرچکی ہے۔ یہ اپنی مرضی کے مطابق کام کرتی ہے، بدقسمتی سے امریکہ اور بعض یورپی ممالک صہیونی حکومت کا ساتھ دیتے ہیں۔

صدر پزشکیان نے غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہاں خواتین، بچے اور بزرگ زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔

ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کو متحد ہو کر اقتصادی، ثقافتی اور سماجی شعبوں میں عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کیے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان متحد ہو جائیں تو صہیونی حکومت ہم پر حملہ کرنے اور تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی جرات نہیں کرے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *