
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ویانا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے ایران کے خلاف مغربی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ، جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی ایران مخالف قرارداد کے ایک دن بعد ہوا، کسی طور بھی اتفاقیہ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں کہ اسرائیل کا یہ حملہ، جو ایران مخالف قرارداد کی منظوری کے فورا بعد انجام پایا، محض ایک اتفاق تھا۔ میرے نزدیک یہ ایک منظم اور پہلے سے طے شدہ کارروائی تھی، جسے یورپی ممالک کی پالیسیوں نے ممکن بنایا۔
اولیانوف نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں ان کا موقف سراسر غیرمنطقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو پرامن ایٹمی توانائی کے استعمال کا مکمل حق حاصل ہے، اور اس پر شکوک و شبہات کرنا ایک مضحکہ خیز ہے۔
