
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کا حالیہ دورۂ تاجکستان دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور جامع بنانے کے لیے اہم ثابت ہوا ہے۔
عراقچی نے سو شل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ کے ایک روزہ دورے کے دوران انہوں نے تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ کے مطابق، بات چیت کا محور اقتصادی، سائنسی، ثقافتی اور سیاحتی میدانوں میں تعلقات کو وسعت دینا تھا۔ ایران اور تاجکستان کے درمیان قدیم اور مضبوط ثقافتی، تمدنی، لسانی اور تاریخی رشتے موجود ہیں، جو دونوں اقوام کو قریب لانے اور برادرانہ روابط کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان مشترکات کی بنیاد پر ایران اور تاجکستان کے درمیان ہمہ جہت تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جاسکتا ہے۔
