’آپ نے کس کے سامنے خودسپردگی کی؟‘ لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران گورو گگوئی کا مودی حکومت سے سوال

لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران کانگریس رکن پارلیمٹ گورو گگوئی نے حکومت سے کئی سوال کیے۔ انھوں نے پوچھا کہ حکومت اس حملے میں مارے گئے لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتی ہے؟

گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایسگورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
user

پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران آج لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث ہو رہی ہے۔ سب سے پہلے راجناتھ سنگھ نے ایوان زیریں میں اپنی بات رکھی، اور پھر اس کے بعد اپوزیشن کی طرف سے کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے یکے بعد دیگرے کئی سوالات مودی حکومت کے سامنے رکھ دیے۔ گورو گگوئی نے کہا کہ آپریشن سندور پر بحث کا اصل مقصد یہ ہے کہ حقیقت سبھی کے سامنے آئے۔ اس آپریشن، پہلگام حملہ اور خارجہ پالیسی سے متعلق سچائی سامنے آنی چاہیے۔

گورو گگوئی نے کہا کہ راجناتھ سنگھ نے اپنی طرف سے بات رکھتے ہوئے فوجی قوت کا اظہار کیا، یہ بہت اچھا ہے… لیکن یہ نہیں بتایا کہ دہشت گرد آخر آئے کیسے۔ ہم ملک کے مفاد میں یہ سوال کرتے رہیں گے۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ وہ دہشت گرد آخر آئے کیسے؟ ان دہشت گردوں کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ ماحول کو بگاڑنا تھا، اس سلسلے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ مجھے افسوس ہے کہ آج راجناتھ جی نے فوجیوں کی بات تو کی، لیکن ہمارے ملک کی عوام کی بات نہیں کی۔ پہلگام میں متاثرین کی جس طرح سے وادی کے لوگوں نے مدد کی، وہ سبھی نے دیکھی۔ ملک بھر میں سیاحوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا، یہ بھی ملک نے دیکھا۔

گورو گگوئی نے لوک سبھا میں اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملہ کے دوران راہل گاندھی نے صاف لفظوں میں کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ ملک جاننا چاہتا ہے کہ حملہ آوروں کو آخر حکومت کیوں نہیں پکڑ پائی۔ ان دہشت گردوں کو کس نے پناہ دی؟ کس نے ان کی مدد کی؟ 100 دن بعد بھی حکومت کے پاس اس کا جواب نہیں ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت کے پاس جدید ترین سہولیات ہیں، لیکن پھر بھی حکومت کچھ نہیں کر پائی۔ اس حملے کے بعد ایک گھنٹے تک ان کے پاس نہ ایمبولنس پہنچ پائی، نہ فوجی جوان، کیونکہ وہ سب پیدل چل کر آ رہے تھے۔ خوف کا ماحول ایسا تھا کہ اس دوران فوجی کو دیکھ کر لوگ دہشت میں آ گئے تھے۔ راجناتھ سنگھ کو اس معاملے میں ایک لفظ تو کہنا چاہیے تھا۔

گگوئی نے تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ یہ حکومت بزدل ہے۔ اس حکومت میں تکبر آ گیا ہے۔ ہم سوال اٹھائیں گے کہ مودی جی جب آپ اس دوران بیرون ملک سے لوٹے تھے تو آپ کو بہار نہیں بلکہ پہلگام جانا چاہیے تھا۔ پہلگام میں کوئی گیا تو راہل گاندھی گئے۔ ان لوگوں کے لیے جو اس حملے مین مارے گئے، ان کی شہادت کا مطالبہ جو کر رہا ہے وہ راہل گاندھی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *