[]
گوہاٹی: چیف منسٹرآسام ہیمنت بشواشرما کی بیوی رینکی بھویاں شرما نے کانگریس رکن پارلیمنٹ گوروگوگوئی پر 10کروڑ روپیوں کا ہتک عزت مقدمہ کردیا ہے۔
معاملہ فوڈپراسیسنگ پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کے ”جھوٹے“ الزامات کا ہے۔ سینئر وکیل دیوجیت سائیکیانے جو رینکی کے وکیل ہیں پی ٹی آئی کو بتایاکہ کیس جمعہ کے دن سیول جج (سینئرڈیویژن) کامروپ میٹروپولیٹن میں دائر کیاگیا۔ سماعت26 ستمبر کوہوگی۔
انہوں نے کہا کہ میری موکلہ نے ایکس پر مختلف ٹوئٹس کیلئے گوروگوگوئی کے خلاف 10کروڑ کا ہتک عزت مقدمہ کردیا ہے۔ ہم نے واضح کردیا ہے کہ ہم نے سبسیڈی کیلئے کبھی کوئی درخواست دی ہی نہیں۔ وکیل نے سبسیڈی کی کاروائی شروع ہی نہیں کی گئی۔ گذشتہ سال 26مئی کو ان کی موکلہ کی فرم کو نوٹس ملی تھی۔
بعدازاں وزارت فوڈ پراسیسنگ سے ای میل بھی آیاتھا۔ 22نومبر2022ء کو پراجکٹ کی منظوری ملی۔ آخری ای میل میں ہم سے کہاگیا کہ اگر ہم نے اپنی تجویز داخل نہیں کی تو ہمارا کلیم ختم ہوجائے گا۔
سینئر وکیل نے دعویٰٰ کیاکہ گوگوئی نے سوشیل میڈیا پر رینکی شرما اور ان کی کمپنی پرائیڈایسٹ انٹرٹینمنٹس کے تعلق سے جو کچھ کہا ہے وہ حقائق پر مبنی نہیں ہے۔ گوگوئی نے اپنا ہوم ورک نہیں کیا۔ پراجکٹ کی منظوری ملنے کا مطلب سبسیڈی ملنا نہیں ہوتا۔ ہم پوری قوت سے کیس لڑیں گے۔
گوہاٹی کے ڈیجیٹل میڈیا میں شائع ایک رپورٹ میں یہ الزام عائد ہونے کے بعد بڑاتنازعہ شروع ہوگیاتھا کہ ضلع ناگاؤں میں 50بیگہ (تقریباً17ایکڑ) زرعی اراضی پرائیڈایسٹ نے خریدی اور اندرون ایک ماہ اسے صنعتی اراضی میں تبدیل کردیاگیا۔
اس کمپنی میں چیف منسٹر کی بیوی سی ایم ڈی ہیں۔ گوگوئی نے کئی دن تک سلسلہ وارٹوئٹس میں چیف منسٹرشرما اور ان کی بیوی پر کرپشن کا الزام عائد کیاتھا۔