[]
شملہ: سوپراسٹارعامرخان نے آپدا راحت کوش میں 25لاکھ روپیوں کا عطیہ دیا ہے تاکہ ہماچل پردیش میں بارش سے متاثرہ خاندانوں کو راحت ملے۔
ریاستی حکومت نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ ہندی فلم اداکارکا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیف منسٹر سکھویندر سکھو نے کہا کہ یہ امداد یقیناً متاثرین کوراحت پہنچانے اور ان کی بازآبادکاری کی کوششوں میں مددگار ثابت ہوگی۔
چیف منسٹر نے کہا کہ فنڈ کا منصفانہ استعمال ہوگا اور یہ یقینی بنایاجائے گا کہ ضرورت مندوں تک امداد ضرورپہنچے۔ قبل ازیں سکھو نے اپنی ساری بچت 51لاکھ روپئے ہماچل پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ میں دے دئیے تھے۔
ہریانہ‘بہار‘ اوڈیشہ‘ ٹاملناڈو‘ کرناٹک‘ راجستھان اور چھتیس گڑھ کی حکومتوں نے بھی 65کروڑ روپیوں کی امداد دی ہے۔ اس کے علاوہ مندرٹرسٹ‘ غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) اور اہل خیرحضرات بھی مدد کیلئے آگے آئے ہیں۔
ہماچل پردیش میں جولائی اور اگست میں موسلادھاربارش سے سڑک انفراسٹرکچر‘ آبی سربراہی اسکیموں‘عمارتوں اور دیگر سرکاری وخانگی املاک کو نقصان پہنچا۔
24جون تا22 ستمبر موسلادھاربارش نے 287جانیں لیں۔ چیف منسٹرکا دعویٰ ہے کہ بارش سے ریاست کو 12ہزار کروڑ روپیوں کا نقصان پہنچا ہے۔