
تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں صوتی آلودگی پھیلانے والے بلٹ اور دیگر گاڑیوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے سائلنسرس کو تلف کر دیا۔
اس مہم کے دوران پولیس نے 243 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی جن میں غیر معیاری یا تبدیل شدہ سائلنسر نصب تھے۔ ان سائلنسرس کو پولیس نے سڑک پر موجود رولر کے ذریعہ تباہ کر دیا۔
کریم نگر پولیس کمشنر غوث عالم نے ٹریفک پولیس اسٹیشن کا معائنہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسمارٹ سٹی منصوبہ کے تحت نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ جمعہ سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنل توڑنا، سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ، غلط سمت میں گاڑی چلانا، موبائل فون کے استعمال اور تین افراد موٹر سائیکل پر سفر کرنے جیسے معاملات پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
