تہران / یروشلم: اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران پر وسیع پیمانے پر فضائی حملے کیے، جن میں تہران، نطنز، خنداب اور خرمآباد جیسے اہم شہروں میں واقع حساس جوہری اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان حملوں میں سپاه پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی جان بحق ہو گئے ہیں۔
ایرانی نیوز چینل آئی آر آئی این این نے اطلاع دی ہے کہ نطنز میں یورینیم افزودگی کے پلانٹ، خنداب میں ہیوی واٹر ری ایکٹر اور خرمآباد میں بیلسٹک میزائل کے اڈے پر شدید بمباری کی گئی۔ تہران میں کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں مشرقی تہران میں دھماکوں اور شمالی علاقوں میں اینٹی ایئر کرافٹ میزائلوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔
