[]
ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے ایک خاتون کو اپنی نابالغ لڑکی کے ساتھ امریکہ منتقل ہونے کی اس شرط کے ساتھ اجازت دی کہ اگر اس نے بچی کو علاحدہ شوہر سے ملاقات کی اجازت نہیں دی تو وہ پونے کے مشترکہ ملکیت والے فلیٹ میں 50فیصد حصے سے محروم ہوجائے گی۔
ہائی کورٹ ایک خاتون کی درخواست پر سماعت کررہی تھی جس میں اس نے اپنی نابالغ لڑکی کو جو فی الحال اس کی تحویل میں ہے، امریکہ لے جانے کی اجازت طلب کی۔ یہ احکام جسٹس بی بی کولاباوالا او رایم ایم ساتیے کی ڈیویژن بنچ نے 4/ ستمبر کو صادر کیے۔
اس جوڑے کی باہمی اتفاق سے 2020میں طلاق ہوگئی مگر نابالغ لڑکی کی تحویل کے لیے تنازعہ تھا۔ پونے کی ایک فیملی کورٹ نے لڑکی کی تحویل ماں کو عطا کی مگر کہا کہ باپ کو لڑکی سے باقاعدہ ملنے کی اجازت دینی ہوگی۔
گزشتہ تین برسوں میں فریقین نے کئی درخواستیں داخل کیں جن میں ایک توہین عدالت کی درخواست بھی شامل ہے جس میں باپ نے الزام عائد کیا کہ اسے اس کی بیٹی سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے۔
جب خاتون امریکہ منتقلی کی اجازت کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی تو بنچ نے اس جوڑے کو مصالحت کرکے اپنے تنازعات سلجھانے کی ہدایت دی۔ پھر اس جوڑے نے ہائی کورٹ میں رضامندی کی شرائط داخل کیں۔