نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے دفتر پر ایک اہم پریس بریفنگ میں آسام کانگریس کے صدر گورو گگوئی نے شمال مشرقی ریاستوں، خصوصاً آسام اور میگھالیہ میں غیر قانونی کوئلہ کان کنی اور منشیات کے پھیلتے ہوئے کاروبار پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی پشت پناہی میں پورا شمال مشرق، خاص طور پر آسام، غیر قانونی کوئلہ کان کنی اور نشے کے دھندے کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
گگوئی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی شمال مشرق سے متعلق ایک سمٹ میں کی گئی باتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زمینی حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہا، ’’زمینی حالات نہایت تشویشناک ہیں اور آج یہ خطہ غیر قانونی سرگرمیوں کا گڑھ بن چکا ہے۔‘‘
