امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جب تک نئی رہنمائی موصول نہ ہو، ویزا انٹرویوز کی نئی اپائنٹمنٹ شیڈول نہ کی جائے۔ یہ اقدام اس رجحان کا حصہ ہے جس کے تحت غیر ملکی طلبہ کی سکیورٹی اور پس منظر کی جانچ کو مزید سخت بنایا جا رہا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور امریکہ کی معروف جامعات، خاص طور پر ہارورڈ یونیورسٹی، کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں حکومت نے ہارورڈ کے ساتھ جاری حکومتی معاہدوں کا از سر نو جائزہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔ ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق، ہارورڈ کو دیے گئے تقریباً 10 کروڑ ڈالر مالیت کے 30 سے زائد معاہدے منسوخ کیے جا سکتے ہیں یا کسی اور ادارے کو منتقل کیے جا سکتے ہیں۔
