[]
مہر خبررساں ایجنسی نے جیو نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی کال پر پاکستانی عوام آج قرآن کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں بڑی تعداد میں شہریوں نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی اور عالمی برادری سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وکلا نے بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔
صوبہ پنجاب
گوجرانوالہ میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جماعت اسلامی نے شیرانوالہ باغ کے سامنے احتجاج کیا۔
گوجرانوالہ میں مسیحی برادری بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی جبکہ فیصل آباد میں آج وکلا نے ہڑتال کی۔
ملتان میں جماعت اسلامی کی لیبر ونگ نے عیدگاہ سےچوک کچہری تک تحفظ حرمت قرآن ریلی نکالی اور سویڈن واقعےکی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔
سرگودھا میں وکلا نے سویڈن واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی۔
بہاولنگر میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ اورجماعت اسلامی، لودھراں میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی اور ریلی میں سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔
مظفرگڑھ میں سویڈن واقعے کےخلاف جماعت اسلامی نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔
صوبہ سندھ
کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے سویڈن واقعے پرعدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا جس کے باعث آج ضلعی عدالتوں میں کیسز کی سماعت نہیں ہوئی۔
شہرِ قائد میں وفاقی اردو یونیورسٹی کےطلبا اور اساتذہ نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس کے علاوہ سکھر میں جماعت اسلامی کےکارکنوں نے پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی۔
میرپورخاص میں بھی یوم تقدس قرآن کے موقع پر جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ضلع بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
بدین میں بھی جماعت اسلامی نے اللّٰہ والا چوک سے پریس کلب تک تقدس قرآن ریلی نکالی۔
صوبہ بلوچستان
صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی اور نوشکی میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
صوبہ خیبر پختونخواہ
پشاور میں سویڈن واقعےکےخلاف ایک ریلی جامع مسجد کوچہ رسالدار سے قصہ خوانی بازار تک اور دوسری مسجد مہابت خان سے چوک یادگار تک نکالی گئی۔
اس کے علاوہ مرکزی مسلم لیگ کےکارکنوں نے پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔
صوابی میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام سویڈن واقعے کے خلاف ریلی نکالی گئی۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی عید گاہ سے آزادی چوک تک سویڈن واقعے کےخلاف احتجاج کرنے کے لیے پیدل مارچ کی گئی۔