تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بہار کابینہ نے مئی، جون اور جولائی 2026 کی سماجی تحفظ پنشن کی ادائیگی کے لیے ہنگامی فنڈ کے استعمال کی منظوری دی ہے۔ ان کے مطابق ہنگامی فنڈ کا مقصد غیر متوقع بحرانوں، قدرتی آفات یا مالی مشکلات کے دوران فوری ضروریات پوری کرنا ہوتا ہے لیکن اگر پنشن جیسی معمول کی ادائیگیوں کے لیے بھی اسی فنڈ کا سہارا لینا پڑے تو یہ ریاست کی مالی صحت پر سنگین سوال کھڑے کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے وہ مسلسل ریاست کی خراب مالی حالت کی جانب توجہ دلا رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ چار سے پانچ ماہ سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سے متعلق بعض ادائیگیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ سرکاری خزانے پر دباؤ بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود متعدد ٹھیکیداروں کو ان کی واجب الادا رقم ادا نہیں کی گئی۔
